بھٹکل 31 جنوری (ایس او نیوز) ضلع پنچایت اُترکنڑا اور ماولّی گرام پنچایت کے اشتراک سے سیاحتی مقام مرڈیشور بیچ پر اتوار کو صفائی مہم "کچرہ نکاسی کے لئے ہمارا قدم" چلائی گئی اس خصوصی صفائی مہم کے لئے ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر اور چیف ایکزی کوٹیو آفسر پریانگا ایم کاروار سے تشریف لائے تھے۔
مہم میں حصہ لیتے ہوئے آئی اے ایس آفسر پریانگا نے کہا کہ مرڈیشور صرف ایک سیاحتی مقام نہیں ہے بلکہ یہ کئی لوگوں کے لئے بھگوان کو پوجنے کا مقام بھی ہے اور مندر میں پوجا کرنے کے لئے بھی بہت بڑی تعداد مرڈیشور آتی ہے، ایسے مذہبی اور مقدس مقام پر کچروں کو ٹھکانہ لگانے کا مناسب انتظام نہ ہونابے حد افسوس کی بات ہے۔ یہاں پر اب سائنٹیفک انداز میں کچروں کو ٹھکانہ لگانے کا انتظام کرنے کی یونٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسر پریانگا نے نو منتخب پنچایت ممبران کو مشورہ دیا کہ وہ گوکرن اور اُڈپی وغیرہ جیسے سیاحتی مقام کا دورہ کریں اور وہاں کچروں کی نکاسی اور کچروں کو ٹھکانے لگانے کا کس طرح کا انتظام کیا گیا ہے اُس طرح کا نظام یہاں لاگو کرنے کے تعلق سے منصوبہ بنایا جائے۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس، تحصیلدار اییس روی چندرا، تعلقہ پنچایت ایکزی کوٹیو آفسر پربھاکر، ماولی پی ڈی او مہیش نائک، دنیش نائیک، لائنس کلب کے صدر گوریش نائک سمیت کافی سماجی کارکنان وغیرہ موجود تھے جنہوں نے سمندر کنارے کچروں کی صفائی میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر پریانگا نے قریب میں واقع انگن واڑی سینٹر پہنچ کر پلس پولیو پروگرام کا بھی افتتاح کیا۔